پاگل آنکھوں والی لڑکی!
اتنے مہنگے خواب نہ دیکھو
پچھتاؤگی!!
سوچ کا سارا اجلا کندن
ضبط کی راکھ میں گھل جائے گا
کچے پکے رشتوں کی خوشبو کا ریشم
کھل جائے گا!
تم کیا جانو؟
خواب،سفر کی دھوپ کے تیشے
خواب،ادھوری رات کا دوزخ
خواب،خیالوں کا پچھتاوا
خوابوں کی منزل رسوائی!
خوابوں کا حاصل تنہائی!!
تم کیا جانو؟
مہنگے خواب خریدنا ہوں تو
آنکھیں بیچنا پڑتی ہیں
رشتے بھولنا پڑتے ہیں
اندیشوں کی ریت نہ پھانکو
پیاس کی اوٹ سراب نہ دیکھو
اتنے مہنگے خواب نہ دیکھو!!
تھک جاؤگی!!